اسلام آباد:پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا میں شدید بارش کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور 145 زخمی ہو گئے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفانی بارش کے دوران پیش آئے مختلف حادثات میں 25 افراد جاں بحق جب کہ 145 زخمی ہوگئے۔ ڈان نیوز کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹرمینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا کہ تیز اندھی اور طوفانی بارشوں سے ابتک لکی مروت،کرک اور بنوں میں 25 افراد ہلاک جبکہ 145 افراد زخمی ہوئے اور 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے کہا کہ آندھی اور طوفان کے باعث ہلاک ہونے والے افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا مختلف واقعات میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوئیں جب کہ ریسکیو 1122 کی جانب کرک، بنوں اور لکی مروت میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکرٹری ریلیف عبدالباسط نے پی ڈی ایم اے کے کنڑول روم کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ ریلیف ریسکیو1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سیکریٹری ریلیف نے ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کا بھی کہا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے آندھی اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ ضلع بنوں کے متاثرین کےلیے چار کروڑ روپے جاری کردیے ہیں۔