اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اپیل پر شروع کی جانے والی جیل بھرو تحریک کے دوسرے روز آج پشاور کے رہنما گرفتاریاں دیں گے جب کہ صوبائی دارلحکومت میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ پاکستانی اخبار ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی پشاور علاقے کے صدر محمد عاطف خان نے گرفتاری کے لیے اپنے نام درج کرانے والے تمام رہنماؤں اور کارکنوں سے گل بہار تھانے پہنچنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ چارسدہ، صوابی، نوشہرہ، مردان اور پشاور کے کارکنان گل بہار تھانے کے سامنے جی ٹی روڈ پر جمع ہوں، پی ٹی آئی کارکنان ہشت نگری چوک کی جانب روانہ ہوں گے جہاں وہ خود کو گرفتاری کے لیے پیش کریں گے۔ پی ٹی آئی پشاور کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مابق آج گرفتاری کے لیے پیش ہونے والے رہنماؤں میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویز خٹک، سابق گورنر شاہ فرمان، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، محمد عاطف خان، اشتیاق ارمڑ، سابق ایم پی اے حاجی فضل الٰہی، ارباب وسیم، ملک واجد شامل ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ خوشی ہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے سو موٹو ایکشن لیا ہے، ملک کے آئین کا تحفظ کرنا سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے، امید عدالت عظمیٰ اپنا آئینی کردار ادا کرے گی، عوام اس کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہماری جد وجہد ضرور رنگ لائے گی۔ بیان کے مطابق پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویز خٹک نے کہا کہ حکومت اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل بھرو تحریک پرامن ہے، یہ مہم اپنے آئینی حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کا بہترین طریقہ ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی غریبوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔