دمشق: سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سرکاری دورے پر شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے ہیں جہاں ان کی شامی صدر بشار الاسد سے ملاقات ہوئی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق منگل کو دمشق انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر شہزادہ فیصل بن فرحان کا استقبال شام کے وزیر برائے صدارتی امور منصور فضل اللہ عزام نے کیا۔ سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شہزادہ فیصل بن فرحان کا دورہ مملکت کی شام کے مسئلے کے سیاسی حل میں دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔'
بیان کے مطابق ’سعودی عرب شام کی وحدت، سکیورٹی، استحکام اور عرب شناخت میں دلچسپی رکھتا ہے۔'وزارت خارجہ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے شام کے صدر بشار الاسد سے ملاقات کی جس میں انہوں نے شام کے بحران کے سیاسی اور ایک ایسے ماحول کے قیام پر زور دیا جس میں امداد شام کے ہر حصے تک پہنچے۔خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے سعودی وزیر خارجہ اور ان کے شامی ہم منصب فیصل المقداد کی جدہ میں ملاقات ہوئی تھی۔ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ’شام میں تصفیے کے لیے مذاکرات اور تنازعے کے ایسے سیاسی حل پر بات کی گئی جو ملک کی وحدت کو برقرار رکھے۔'