واشنگٹن: امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل مارک ملی نے اندازہ لگایا ہے کہ 24 فروری کو یوکرین پر روس کے حملے بعد سے تقریباً ایک لاکھ روسی اور ایک لاکھ یوکرینی فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق، نیویارک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی جنرل نے یہ بھی کہا کہ جنگ میں تقریباً 40 ہزار شہری بھی مارے گئے۔ یہ کسی مغربی اہلکار کی جانب سے اب تک کا سب سے زیادہ تخمینہ ہے۔Russia Ukraine War
امریکی صدر جو بائیڈن کے سب سے سینیئر فوجی مشیر کے طور پر خدمات انجام دینے والے جنرل ملی نے کہا کہ کسی بھی مذاکرات کی کامیابی کے لیے روس اور یوکرین دونوں کو باہمی تسلیم کرنا ہوگا، جنگ کے وقت فتح ممکنہ طور پر فوجی ذرائع سے حاصل نہیں ہو سکتی، اس لیے آپ کو دوسرے ذرائع کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکی جنرل نے یہ بھی بتایا کہ روس کے حملے کے بعد سے 15 سے 30 ملین مہاجرین پیدا ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے یوکرین سے تقریباً 7.8 ملین افراد کو روس سمیت یورپ بھر میں پناہ گزینوں کے طور پر ریکارڈ کیا ہے۔