کیف: یوکرین کے دارالحکومت کیف کے وسط میں پیر کو تین بڑے دھماکوں کی آواز سنی گئی۔ اس علاقے میں بہت سے سرکاری دفاتر ہیں۔ یوکرین کے دیگر شہروں میں بھی دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔ یوکرین کا دعویٰ ہے کہ روس نے پیر کو کل 75 میزائل داغے، عوام کو محفوظ مقام پر پہنچنے کے لیے کہہ دیا گیا ہے۔ صدارتی دفتر کے نائب سربراہ کیریلو تیموشینکو نے کہا کہ یوکرین پر میزائلوں کی بارش ہو رہی ہے۔تازہ ترین حملوں میں 5 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ایک روز قبل روسی رہنما ولادیمیر پوتن نے کریمیا پل پر ہونے والے دھماکے کا ذمہ دار یوکرین کو ٹھہرایا تھا۔Russia Ukraine war
کیف میں دھماکے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 15 منٹ پر ہوئے۔ دھماکوں سے ایک گھنٹہ قبل یوکرین کے دارالحکومت میں ہوائی حملے کی وارننگ دینے والے سائرن بجنے شروع ہوگئے۔ کیف کے میئر وٹالی کلِٹسکو نے سوشل میڈیا پر کہا، ’’دارالحکومت کے مرکزی علاقے میں کئی دھماکے ہوئے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں شہر کے کئی علاقوں سے کالا دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ یوکرین کی رکن پارلیمنٹ لیسیا واسیلینکو نے وسطی کیف میں کیف نیشنل یونیورسٹی کی مرکزی عمارت کے قریب دھماکے کی ایک تصویر ٹویٹ کی۔several explosions in Kyiv
کیف میں ایمرجنسی سروسز کی ترجمان سویتلانا وڈولاگا نے دی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ہلاکتیں ہوئی ہیں اور امدادی کارکن مختلف مقامات پر کام کر رہے ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ دھماکوں میں کتنے افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ہفتے کے روز یوکرین کے شہر زاپورزہزیا پر راکٹ حملے میں 17 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے تھے۔