دوحہ: قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے زلزلہ متاثرین کی امداد میں تاخیر پر سخت تنقید کی ہے۔ قطر کے امیر کا کہنا ہے کہ وہ شام میں گزشتہ ماہ آنے والے تباہ کن زلزلے کے متاثرین تک امداد کی فراہمی میں تاخیر سے پریشان ہیں اور سیاسی مقاصد کے لیے انسانی امداد کا غلط استعمال دراصل انسانیت کی تذلیل ہے۔ اتوار کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اقوام متحدہ کی کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس کے افتتاحی موقع پر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے شامیوں کی مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وہ بغیر کسی ہچکچاہٹ اور تباہ کن زلزلے سے بحالی کے لیے ترکیہ کی امداد کی حمایت کریں۔
شیخ تمیم نے کہا کہ ہماری ملاقات اس وقت ہو رہی ہے جب ترکیہ اور شام میں ہمارے بھائی اب بھی شدید زلزلے کے اثرات سے دوچار ہیں جو کہ لاکھوں کی تعداد میں ہیں، میں برادر شامی عوام کو بغیر کسی ہچکچاہٹ کے مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی المیے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے بین الاقوامی انسانی یکجہتی کے سوا ایسا کوئی راستہ نہیں ہے جس کے ذریعے ہم آج اور کل کے لیے ایک نئی، محفوظ، زیادہ منصفانہ اور زیادہ آزاد دنیا کی تعمیر کر سکیں۔