دبئی: قطر اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو سال سے زائد عرصے بعد سفارتی تعلقات کی بحالی اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے کے عمل پر کام کیا جا رہا ہے۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے عہدیدار نے بتایا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی پر کام جاری ہے، جس میں سفارت خانے دوبارہ کھولنا بھی شامل ہے۔ خلیجی ملک کے ذرائع نے بتایا کہ نئے سفیروں کے ساتھ سفارت خانے متوقع طور پر جون کے وسط تک دوبارہ کھلیں گے، مزید ذرائع نے بتایا کہ سفارتی تعلقات چند ہفتوں میں مکمل طور پر بحال ہوجائیں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب خطے میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت کا عمل جاری ہے اور گزشتہ ماہ دونوں ممالک نے تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے بیجنگ میں معاہدے پر دستخط کیے تھے جبکہ کشیدگی کے باعث خلیج میں عدم استحکام اور یمن جنگ میں اضافے کے خدشات پائے جاتے تھے۔
یاد رہے کہ 2017 کے وسط میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر سمیت دیگر کئی ممالک نے قطر سے تعلقات ختم کردیے تھے اور الزام عائد کیا تھا کہ قطر دہشت گردی پھیلانے والے گروپس کی مدد کر رہا ہے اور ایران کے ساتھ کھڑا ہے جبکہ قطر نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔ ریاض اور مصر وہ پہلے ممالک تھے جنہوں نے 2021 میں سفیروں کا دوبارہ تقرر کیا تھا اور یوں تنازع ختم ہوگیا تھا جبکہ بحرین نے گزشتہ ہفتے قطر سے تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔