دوحہ: قطر اور بحرین برسوں سے جاری تنازع کو حل کرکے سفارتی تعلقات بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔دونوں ممالک کے وفود نے بدھ کے روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے جنرل سیکرٹریٹ کے صدر دفتر میں ملاقات کی، یہ بات دونوں ممالک کی وزارت خارجہ نے الگ الگ بیانات میں بتائی ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں فریقین نے جی سی سی چارٹر کے مطابق خلیجی اتحاد اور انضمام کو بڑھانے کے لیے ملاقات کی ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے سکریٹری جنرل احمد بن حسن الحمادی نے بحرین کی وزارت خارجہ کے انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور شیخ عبداللہ بن احمد الخلیفہ سے ملاقات کی تاکہ 2017 سے جاری تنازعہ کو حل کرنے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ قابل ذکر ہے کہ 2017 میں بحرین نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مصر کے ساتھ مل کر قطر پر یہ دعویٰ کرتے ہوئے اس سے سفارتی ناکہ بندی کر دی کہ وہ ایران کے بہت قریب ہے اور سخت گیر گروہوں کی حمایت کرتا ہے، جبکہ دوحہ نے ہمیشہ ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔