تل ابیب: اسرائیل میں پولیس نے گزشتہ روز عدالتی ترامیم کے خلاف احتجاج کرنے والے 28 مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔ دوسری طرف اسرائیل میں عدالتی ترامیم کے حکومتی اعلان کے خلاف احتجاج کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا ہے، کل منگل کو ہزاروں افراد کے سڑکوں پر احتجاج کے بعد ایک اور پیش رفت بھی سامنے آئی جب اسرائیلی فضائیہ کے 100 پائلٹوں نے مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے عدالتی ترامیم کے خلاف اپنی خدمات انجام دینے سے انکار کر دیا۔
اسرائیل میں منگل کو مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا، مظاہرین وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کی طرف سے عدالتی ترامیم کے خلاف کئی ماہ سے احتجاج کر رہے ہیں۔ اسرائیلی حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد عدلیہ کو کمزور کرنا اور سپریم کورٹ کے اختیارات کو کم کرنا ہے۔ مظاہرین نے تل ابیب میں اسرائیلی وزارت دفاع کو گھیرے میں لے لیا اور بتایا کہ اسرائیلی پولیس نے صبح سے 17 مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے، بتایا گیا ہے کہ مظاہرے اسرائیل کے الگ الگ حصوں میں مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوئے۔