واشنگٹن: اقوام متحدہ میں امریکہ کی سابق مندوب نکی ہیلی نے بائیڈن انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایرانی صدر کو اگلے ماہ ہونے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے ویزا دینے سے انکار کر دیں۔ یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی ایجنٹوں پر امریکہ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن کو قتل کرنے کی سازش کا الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔Bolton Case
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اگلے ماہ نیویارک میں عالمی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کے لیے ویزا کے خواہاں ہیں۔ لیکن قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے الزامات پر ہیلی نے کہا کہ ایرانی صدر کے ویزے کی درخواست کو مسترد کر دینا چاہیے۔
ہیلی نے فاکس نیوز کو ایک بیان میں کہا کہ 'دہشت گردی کی دنیا کے ریاستی سرپرست نے ہمارے ملک کے اندر امریکی اہلکاروں کو قتل کرنے کی کوشش کی اور بائیڈن انتظامیہ کو کسی بھی صورت میں رئیسی امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔'