اسلام آباد: پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہفتے کے روز کہا کہ ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے تمام جماعتوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی اور معیشت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ وہ پاس آؤٹ ہونے والوں کو پاکستان کی سمندری سرحدوں کا محافظ بننے پر مبارک باد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کے حوالے سے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اپنے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور معیشت اور دہشت گردی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں تمام جماعتوں کی جانب سے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث بحری شعبہ مسلسل تبدیل ہو رہا ہے اور صرف وہی بحری افواج غالب اور موثر ثابت ہوں گی جو پیشہ ورانہ مہارت اور جنگ کے جدید رجحانات سے ہم آہنگ ہوں گی۔ مستقبل میں نیوی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔