اسلام آباد: پاکستان اس وقت معاشی بحران سے دوچار ہے، اسی درمیان سیالکوٹ کے ایک نجی کالج میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہم ایک ایسے ملک میں رہتے ہیں جو دیوالیہ ہو چکا ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کو آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج منلی کی توقع ختم ہوگئی ہے۔ پاکستان کے دی ایکسپریس ٹریبیون میں شائع ہونے والے ایک بیان میں آصف نے کہا کہ آپ سب نے سنا ہوگا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے جا رہا ہے اور اس کا آغاز ہو چکا ہے۔ لیکن میں آپ کو بتاتا چلوں کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے والا نہیں بلکہ پہلے ہی ڈیفالٹ ہوچکا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں مسئلے کا حل بھی ملک کے اندر ہی ہے۔ آئی ایم ایف کے پاس ہمارے ملک کے مسائل کا حل نہیں ہے۔ آج ہر کوئی ملک کی اس حالت کا ذمہ دار حکومت، بیوروکریسی اور سیاستدانوں کو ٹھہرا رہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ایسا اس لیے ہوا کیونکہ پاکستان میں کوئی بھی قانون اور آئین پر عمل نہیں کرتا۔ پاکستان میں شدید معاشی بحران نے کئی صنعتوں کو بند کرنے پر مجبور کر دیا ہے اور لاکھوں لوگوں کو غربت کے دہانے پر دھکیل دیا ہے۔ مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے، روپے کی قدر میں کمی ہوئی ہے اور ملک مزید درآمدات نہیں کر سکتا، جس سے صنعت میں زبردست گراوٹ آئی ہے۔