اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 3 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان ابھی تک سفر کے قابل نہیں ہوئے، ممبر بلوچستان نے کہا کہ عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ کہاں ہے؟ وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی پیش کر دیں گے، سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی اپیل پر تحریری فیصلہ نہیں آیا۔ECP summons Imran Khan and other PTI leaders
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ مناسب ہوگا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے دیا جائے، سپریم کورٹ نے ہمارے اعتراضات برقرار رکھے ہیں، ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان بیمار ہیں تو باقی لوگ کیوں پیش نہیں ہوئے؟ اس پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکیل انور منصور نے کہا کہ مناسب ہوگا سب کا کیس ایک ساتھ ہی چلایا جائے، لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان اور فواد چوہدری کے شوکاز معطل کررکھے ہیں۔
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز آنے دی جائیں، ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ شوکاز نوٹس کمیشن کے بینچ نے جاری کیا تھا سیکریٹری نے نہیں، وکیل انور منصور نے کہا کہ کمیشن کا آرڈر قانون کے مطابق نہیں ہے، ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر کمیشن غلطی کرتا ہے تو ہائی کورٹ سے آپ کو ریلیف مل جائے گا۔
ممبر سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار تو ٹھیک ہے لیکن فریقین پیش کیوں نہیں ہو رہے، پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے رہا ہوں، فواد چوہدری کو بخار اور فلو ہے، پیش نہیں ہوسکتے، ممبر سندھ نے کہا کہ توہین کسی کی ذات کی نہیں، کمیشن کی بطور ادارہ ہوئی ہے۔