سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز تحریک عدم اعتماد پر ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے کو کالعدم اور قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے صدر کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا گیا، اس فیصلے کے بعد متحدہ اپوزیشن کی جانب سے زبردست ردعمل کا اظہار کیا گیا، کسی نے اس فیصلے کی تعریف کی تو کسی نے آئینی جیت قرار دیا اور ملک کو مبارکباد پیش کی۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ قوم کو آئین کی سر بلندی بہت بہت مبارک ہو۔ آئین توڑنے والوں کا کام ہمیشہ کے لیے تمام ہوا۔ مریم نواز نے کہا کہ اللّٰہ پاکستان کو چمکتا دمکتا رکھے، وزیرِ اعظم شہباز شریف ہوں گے انشاءاللہ!
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ٹویٹ کیا کہ آج نئی تاریخ لکھے جانے کا اہم ترین دن ہے! سب کو مبارک دیتا ہوں جنہوں نے آئین کی بالا دستی کے لئے اس جدوجہد کی حمایت کی، اس کا دفاع کیا اور آواز بلند کی۔ جھوٹ، فریب اور الزامات کی سیاست آج دفن ہوگئی۔ پاکستان کے عوام جیت گئے۔ اللہ تعالی پاکستان پر رحم فرمائے۔ آمین پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انھوں نے ٹویٹ کیا کہ سپریم کورٹ کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ غلط ہے۔ چلو کم از کم اب ہم غدار نہیں رہے، شکریہ سپریم کورٹ، الحمداللّٰہ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، انھوں نے اپنے ٹویٹر پر جمہوریت کو بہترین انتقام قرار دیتے ہوئے جئے بھٹو اور جئے عوام کا نعرہ بھی لگایا۔بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔