واشنگٹن: ورلڈ بینک کی جانب سے جاری کردہ عالمی ترقیاتی رپورٹ 2023 کے مطابق دنیا میں اب محنت کشوں کے لیے مسابقت بڑھ رہی ہے کیونکہ امیر اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں موجود عمر رسیدہ افراد کی تعداد غیر معمولی رفتار سے بڑھتی جارہی ہے جس کے سبب ان ممالک کا اپنی طویل مدتی ترقی کی صلاحیت کے لیے تارکین وطن پر انحصار بڑھ رہا ہے۔ ڈان کی رپورٹ کے مطابق ’ورلڈ ڈیولپمنٹ رپورٹ 2023: مائیگرنٹس، ریفیوجیز اینڈ سوسائٹیز‘ کے عنوان سے رپورٹ میں اس رجحان کی نشاندہی کی گئی ہے کہ یہ ان ممالک کی معیشتوں اور لوگوں کے لیے ہجرت کا عمل بہتر بنانے کے لیے ایک منفرد موقع ہے۔
دولت مند ممالک کے ساتھ ساتھ درمیانی آمدنی والے ممالک کی بڑھتی ہوئی تعداد کو کم ہوتی ہوئی آبادی کا سامنا ہے، جس کے سبب مزدوروں اور ہنر کے لیے عالمی سطح پر مسابقت تیز ہوتی جارہی ہے۔ دریں اثنا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کم آمدنی والے زیادہ تر ممالک کی آبادی میں تیزی سے اضافے کی توقع ہے، جس سے ان ممالک پر نوجوانوں کے لیے مزید ملازمتیں پیدا کرنے کے لیے دباؤ بڑھے گا۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ اگر ہجرت کے مکمل ترقیاتی فوائد حاصل کرنے ہیں تو متعلقہ ممالک کو ایک باضابطہ حکمت عملی کے ساتھ اسے منظم بنانے کی ضرورت ہے، عالمی سطح پر عدم توازن، مقامی سطح پر دھچکے اور معاشروں کی ابھرتی ہوئی ضروریات سرحد پار نقل و حرکت کا سبب بنتی رہیں گی۔