نئی دہلی: قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال اور دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے پیر کو اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح دونوں ممالک سمندری، فوجی اور ایرو اسپیس شعبوں میں مخصوص ٹیکنالوجیز کے تعلق سے اپنے تعاون کو بڑھا سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران 'میک ان انڈیا' اور 'آتم نر بھر بھارت' کے اقدامات کے عین مطابق ٹیکنالوجی کی وسیع تر منتقلی، مشترکہ پروڈکشن اور مقامی سطح پر صلاحیت سازی پر بھی زور دیا گیا۔
ڈووال اور اتوار سے دو روزہ دورے پر آئے لائیڈ آسٹن نے بحر ہند کے علاقے میں بحری سلامتی سمیت دو طرفہ، علاقائی اور متعلقہ عالمی امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ قومی سلامتی کے مشیر نے سلامتی کے مشترکہ مفادات اور مقاصد کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کو پیش کیا جس میں وسیع تر بحری تعاون کے تعلق سے انکے خیالات شامل ہیں۔ ڈوواال اور آسٹن کے درمیان ہونے والی بات چیت میں سپلائی کے قابل اعتماد ذرائع، لچکدار سپلائی چینز اور صنعت سے صنعت کی وسیع تر شراکت داری پر توجہ مرکوز کی گئی۔