سان فرانسسکو: امریکی کمپنی میٹا نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دوسال سے معطل فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس آنے والے ہفتوں میں بحال کردے گی۔ میٹا کے عالمی امور کے نائب صدر نک کلیگ نے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا، "اگر ٹرمپ پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے والا مزید مواد پوسٹ کرتے ہیں، تو مواد کو ہٹادیاجائے گا اورخلاف ورزی کی سنجیدگی کی بنیاد پر ایک ماہ سے دوسال کے لئے معطل کردیاجائے گا۔ میٹا نے اس ماہ اپ ڈیٹ کردہ ضوابط جاری کیے ہیں جو عوامی شخصیات پر لاگو ہوتے ہیں۔ فیس بک نے 7 جنوری 2021 کو ٹرمپ کو معطل کر دیا جب انہوں نے مظاہرین کی طرف سے یوایس کیپٹل پر دھاوا بولنے کے بعد نومبر 2020 کے انتخاب کے بارے میں مواد پوسٹ کرنا جاری رکھا۔
میٹا کے اوور سائیٹ بورڈ نے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا، "میٹا کا آج کا فیصلہ سوشل میڈیا پر سیاست دانوں کی جانب سے پوسٹ کیے جانے والے نقصان دہ مواد کو کنٹرول کرنے کے بہترین طریقہ پر بحث کے لیے اہم ہے۔' ٹرمپ نے یہ کہتے ہوئے جواب دیا، 'ایسا دوبارہ کسی موجودہ صدر یا کسی اور کے ساتھ نہیں ہونا چاہئے، جو سزا کا مستحق نہ ہو۔' ٹرمپ کا ٹویٹر اکاؤنٹ حال ہی میں ایلون مسک کے کمپنی سنبھالنے کے بعد بحال کیا گیاہے۔