ملتان:عالمی شہرت یافتہ، پاکستان کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے خودکشی کے لیے گارڈ کی پستول استعمال کی۔ ملتان کے ریجنل پولیس افسر کیپٹن سہیل چوہدری کے مطابق مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل ورزش کے لیے جم خانے گئے تھے۔ ورزش کے دوران عاصم جمیل نے گارڈ سے پستول چھین کر خود کو گولی مار لی۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی میں عاصم جمیل کو خودکشی کرتے ہوئے واضح دیکھا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق عاصم جمیل نفسیاتی طور پر بیمار چل رہے تھے۔ انھیں مسائل کا سامنا تھا اور وہ کئی برسوں سے نفسیاتی ادویات کا استعمال کررہے تھے۔ پولیس کے مطابق عاصم جمیل نے پسند کی شادی کی تھی اور بعد میں طلاق ہوگئی تھی۔
مولانا طارق جمیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیٹے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے۔ اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔ آپ سب سے گزارش ہے کہ اس غم کے موقعے پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں. اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔' مولانا طارق جمیل نے ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کیا جس میں اپنے مرحوم فرزند کی نماز جنازہ سے متعلق جانکاری دی۔ انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ، میرے مرحوم بیٹے عاصم جمیل کی نمازِ جنازہ آج بروز سوموار 30 اکتوبر، رات ساڑھے سات بجے ہمارے آبائی گاؤں رئیس آباد، تلمبہ میں ادا کی جائے گی۔