غزہ: حماس کے زیر اقتدار غزہ کے حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 250 فلسطینی جاں بحق ہوگئے جس کے بعد غزہ میں مرنے والوں کی کل تعداد تقریبا 20 ہزار 700 ہوگئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غزہ کی 23 لاکھ کی آبادی میں سے اکثریت کو اپنے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا ہے اور اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ وہاں انسانی حالات تباہ کن ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی باشندوں نے جنوبی غزہ پٹی میں سب سے بڑی طبی سہولت خان یونس میں ناصر ہسپتال کے قریب کئی فضائی حملوں کی اطلاع دی ہے۔ فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ خان یونس میں الامال محلے میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں 7 افراد مارے گئے۔ رائٹرز کے مطابق دو مصری سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ حماس اور اس کے اتحادی اسلامی جہاد نے مصر کی جانب سے غزہ پٹی میں مستقل جنگ بندی کے بدلے اقتدار چھوڑنے کی دی گئی تجویز کو مسترد کردیا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں گروپوں نے مزید یرغمالیوں کی ممکنہ رہائی کے علاوہ کسی قسم کی رعایت کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔