غزہ:فلسطین کے جنگ زدہ خطے میں آج اکیسویں دن بھی اسرائیل کی اندھادھند بمباری مسلسل جاری ہے۔ خطے میں واقع اپارٹمنٹ کی عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ پورے کے پورے محلے کھنڈرات میں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ خلا سے لی گئی ایک تصویر میں یہ خطہ چاند کی دھول والی بنجر سطح کی طرح نظر آ رہا ہے۔ سات اکتوبر کو حماس کے حملوں کے بعد شروع ہوئے اسرائیلی فضائی حملوں سے پہلے اور بعد میں لی گئی سیٹلائٹ تصاویر میں شمالی غزہ کے علاقوں کی تباہی صاف طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
میکسار ٹیکنالوجیز کی جانب سے سنیچر کو لی گئی تصاویر میں ایزبت بیت حنون محلے میں ہر طرف چار اور پانچ منزلہ عمارتوں کے ڈھیر نظر آ رہے ہیں۔ کچھ عمارتوں کے بڑے ٹکڑے غائب ہیں، کچھ آدھے حصے میں ٹوٹ چکے ہیں اور دو بڑے کمپلیکس ملبے کے ڈھیر میں پڑے ہیں۔ الکرامیہ کے پڑوس میں تباہی کا نمونہ دھول اور راکھ کے سرمئی رنگ سے وسیع پیمانے پر دیکھا جا سکتا ہے۔