ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کی صورتحال خوفناک ہے اور اسرائیل تمام رہائشی محلوں کو زمین بوس کررہا ہے۔ لاوروف نے بدھ کے روز روسی پارلیمنٹ کی فیڈریشن کونسل میں کہا کہ "اسرائیل کا ماننا ہے کہ اسے حماس کو کسی بھی طریقے سے ختم کرنے کا پورا حق حاصل ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہم اس وقت دیکھ سکتے ہیں کہ اس طرح کے راستے کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔ پوری پوری بستیوں کو زمین بوس اور ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔18000 سے زیادہ شہری پہلے ہی مارے جا چکے ہیں اور یہ تعداد ہر روز بڑھ رہی ہے۔ ان میں سے دو تہائی خواتین اور بچے ہیں اور غزہ کی صورت حال خوفناک حد تک تباہ کن ہوچکی ہے"۔
لاوروف نے مزید کہا کہ، مغرب فلسطینی ریاست کے قیام کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ اگر ہم ان پوزیشنوں سے جائزہ لیں جو مغرب اس وقت لے رہا ہے تو وہ فلسطینی ریاست کے قیام کا کوئی ارادہ نہیں دکھتا۔ ہماری معلومات کے مطابق مغرب اور اسرائیلی بھی موجودہ اسرائیلی قیادت غزہ کو مغربی کنارے کے ساتھ ملانا نہیں چاہتے۔ موجودہ حالات میں فلسطینی ریاست کا قیام زیادہ ناگزیر ہوچکا ہے‘‘۔