جکارتہ: ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر بن محمد کا کہنا ہے کہ غزہ تنازعے کو حماس کے ساتھ مذاکرات اور دو ریاستی حل کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پر اسرائیل کا فوجی حملہ ایک غیر متناسب ردعمل ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مہاتیر محمد طویل عرصے سے فلسطینی قومی حقوق کے حامی رہے ہیں۔ مہاتیر محمد 1981 سے 2003 اور 2018 سے 2020 تک بطور وزیراعظم رہے۔ وہ ملائشیا کی تاریخ میں سب سے طویل عرصہ تک وزیراعظم رہے۔
ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر بن محمد کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ہم فوجیوں کو آپس میں لڑتے ہوئے نہیں دیکھ رہے۔ یہ جنگ نہیں ہے۔ یہ ایک انسانی تباہی ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسرائیلی فوجی شہریوں کو مار رہے ہیں۔ یہ پچھلے نکبہ سے بھی بدتر ہے کیونکہ یہ جنگ نہیں ہے، یہ محض ایک انسانیت سوز ظلم ہے۔ مہاتیر بن محمد کا کہنا تھا کہ حماس کو واشنگٹن اور بہت سے یورپی ممالک دہشت گرد تنظیم تصور کرتے ہیں۔ امریکہ اور بہت سی دوسری مغربی حکومتوں نے بارہا اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کا اظہار کیا ہے اور اس کی حماس کو ختم کرنے کی وسیع پیمانے پر حمایت کی ہے۔