اردو

urdu

ETV Bharat / international

Israel War Crimes جبالیہ کیمپ پر اسرائیل کا فضائی حملہ جنگی جرائم کا واضح ثبوت: پاکستانی نگراں وزیراعظم

پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ایکس پر غزہ میں بڑھتی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ جبالیہ کیمپ پر فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں فلسطینی شہید ہوئے، یہ حملہ غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور جنگی جرائم کا واضح ثبوت ہے۔ war crimes in Gaza

Etv Bharat
پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ

By UNI (United News of India)

Published : Nov 1, 2023, 9:44 PM IST

اسلام آباد: پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ جبالیہ کیمپ پر اسرائیل کا فضائی حملہ جنگی جرائم کا واضح ثبوت ہے، غزہ میں قتل عام کو روکنے کیلئے دنیا کو ایکشن لینا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر غزہ میں بڑھتی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبالیہ کیمپ پر فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں فلسطینی شہید ہوئے، یہ حملہ غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور جنگی جرائم کا واضح ثبوت ہے۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ایسے حملے قابل مذمت ہیں، اس اقدام کو معاف یا فراموش نہیں کیا جاسکتا، اس قتل عام کو روکنے کیلئے دنیا کو ایکشن لینا چاہیے۔ گذشتہ روز غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی طیاروں نے وحشیانہ بمباری کی، ایک ایک ٹن وزنی چھ بم گرا کر جبالیہ پناہ گزین کیمپ کو مکمل تباہ کر دیا گیا ، جس میں سو سے زائد نہتے فلسطینی پناہ گزین شہید ہوئے اور ہر طرف لاشوں اور زخمیوں کے انبار لگ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:

فلسطینی شہری دفاع کا کہنا تھا کہ جبالیہ کیمپ پر بمباری کے بعد اسپتالوں میں کوئی جگہ نہیں رہی، فرش پر زخمیوں کو رکھنے کیلئے بھی جگہ نہیں، اسپتالوں کیلئے ایندھن نہیں جس سے آئی سی یو اور ڈائیلاسز والے افراد بھی زندہ نہیں رہ سکیں گے۔ ہلال احمر نے کہا کہ جبالیہ کیمپ پر اسرائیلی حملے کے بعد صورتحال اور بھی خوفناک ہوگئی ہے، اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ کے بعد نصیرات پناہ گزین کیمپ پربھی حملہ کردیا، جہاں پندرہ فلسطینی شہید ہوئے۔ واضح رہے کہ غزّہ وزارت صحت نے کل جبالیہ مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 100 افراد کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔ (یو این آئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details