واشنگٹن:امریکی بحریہ نے اطلاع دی ہے کہ ایرانی فوج نے گزشتہ روز آبنائے ہرمز کے قریب دو آئل ٹینکروں کو قبضے میں لینے کی کوشش کی اور ان میں سے ایک پر فائرنگ کی ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں واقعات میں امریکی بحریہ کی جوابی کارروائی کے بعد ایرانی بحری جہاز پیچھے ہٹ گئے اور دونوں تجارتی جہازوں نے اپنا سفر جاری رکھا ہے۔
امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ترجمان ڈاکٹر ٹم ہاکنز نے کہا کہ ایرانی بحریہ نے بین الاقوامی پانیوں میں قانونی طور پر گذرنے والے تجارتی آئل ٹینکروں پر قبضے کی کوشش کی تھی لیکن امریکی بحریہ نے فوری جوابی کارروائی کی اور ایرانی بحریہ کو تیل بردار جہاز قبضے میں نہیں لینے دیے۔ انھوں نے کہا کہ دوسرے بحری جہاز پر ہونے والی فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ان واقعات پر فوری طور پر ایران کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔