اردو

urdu

ETV Bharat / international

Israel Palestine war ایران کا اسرائیل فلسطین جنگ کے معاملے پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

ایران نے اسرائیل فلسطین جنگ کے معاملے پر اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے اس سے پہلے عرب لیگ نے بھی غزہ کی پٹی میں سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے گروپ کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ عرب وزرائے خارجہ بدھ کو ہنگامی اجلاس منعقد کریں گے۔ اسرائیل حماس جنگ میں اب تک 1600 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس میں نو سو اسرائیلی اور 140 بچوں سمیت سات سو فلسطینی شامل ہیں۔

Iran calls for an emergency meeting of OIC on Israel Palestine war
ایران کا اسرائیل فلسطین جنگ کے معاملے پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 10, 2023, 9:48 PM IST

تہران: ایران نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی سطح پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے تاکہ غزہ کی صورتحال کے حوالے سے پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے تحریری بیان کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے فون پر فلسطین کی صورتحال پر بات کی۔

او آئی سی سے فلسطینی عوام کی مدد کے لیے وزرائے خارجہ کی سطح پر غیر معمولی اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عبداللہیان نے کہا کہ ان کا ملک اس اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے حملوں کی بھی مذمت کی اور اس مسئلے پر اسلامی ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ طحہٰ نے غیر معمولی اجلاس کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ وہ رکن ممالک کو اس مسئلے سے آگاہ کریں گے۔

اس سے قبل عرب لیگ نے اعلان کیا تھا کہ عرب وزرائے خارجہ بدھ کو ایک ہنگامی اجلاس منعقد کریں گے جس میں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان جاری تنازع کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ خبر رساں ایجنسی شنہوا نے عرب لیگ کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ غیر معمولی اجلاس فلسطینیوں کی درخواست پر اور وزارتی سطح پر عرب لیگ کونسل کے موجودہ سربراہ مراکش کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ عرب لیگ کونسل کے مطابق، اجلاس کے شرکاء تنازعات سے نمٹنے کے لیے عرب اور بین الاقوامی سطح پر سیاسی کارروائی پر تبادلہ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے ہفتے کے روز غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر اچانک حملہ کردیا جس کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہوگئی اور اب تک جنگ میں 1600 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس میں نو سو اسرائیلی اور 140 بچوں سمیت سات سو فلسطینی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

ABOUT THE AUTHOR

...view details