واشنگٹن: سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے رائس یونیورسٹی کے بیکر انسٹی ٹیوٹ گالا میں پینل ڈسکشن کے دوران کہا کہ جو لوگ اب جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ حماس کو نہیں سمجھتے اور یہ جنگ بندی ممکن نہیں ہے۔ یہ حماس کے لیے ایک ایسا تحفہ ہوگا کیونکہ وہ جنگ بندی کا وقت اپنے ہتھیاروں کی مرمت میں صرف کریں گے۔ اپنی پوزیشنیں مضبوط بنائیں گے تاکہ اسرائیلیوں کے ممکنہ حملے کو روک سکیں۔
ہیلری کلنٹن نے یہ تبصرے اس روز کیے جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے غزہ میں انسانی جنگ بندی کے حق میں 122 ووٹوں کی حمایت سے قرار داد منظور کی تھی۔ اس قرار داد کی مخالفت میں 14 ووٹ ڈالے گئے تھے۔ قرار داد کے مخالفین میں امریکہ بھی شامل تھا۔ ہیلری کلنٹن نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں ایندھن سمیت امداد کی اجازت دینا ایک مخمصہ ہے جس کا ہاں یا نہیں جواب دینا مشکل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ساری صورتحال کے کئی پہلو ہیں۔