تل ابیب: قطر کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ جنگ بندی میں دو دن کی توسیع کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ حماس نے بھی جنگ بندی میں دو دن کی توسیع کی تصدیق کی ہے۔ ایک پریس ریلیز میں گروپ کا کہنا ہے کہ قطر اور مصر کے ساتھ معاہدے میں انہی شرائط کے مطابق عارضی جنگ بندی میں توسیع کی گئی ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی میں مزید دو دن کی توسیع کے لیے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اس سے قبل حماس اور اسرائیل جاری چار روزہ جنگ بندی میں چند شرائط کے ساتھ توسیع کرنا چاہتتے تھے۔ اسرائیل کا کہنا تھا کہ اگر حماس کی جانب سے مزید یرغمالیوں کو رہا کیا جاتا ہے تو وہ غزہ میں جنگ بندی میں توسیع کے لیے تیار ہے۔ جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ وہ جنگ بندی میں دو سے چار دن کی توسیع کے لیے تیار ہے اور اس توسیع میں وہ 20 سے 40 مزید اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہے لیکن دس اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 30 فلسطینیوں کو رہا کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ چار روزہ جنگ بندی کا پیر کے روز آخری دن ہے اور معاہدے کے تحت اب تک تین گروپوں میں قیدیوں کی رہائی عمل میں آچکی ہے اور چوتھے روز بھی کچھ قیدی رہا ہوسکتے ہیں۔ حماس نے اب تک مجموعی طور پر 58 یرغمالیوں کو رہا کیا ہے جبکہ اسرائیل نے 117 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا ہے۔ معاہدے کے تحت حماس اسرائیل میں قید تقریباً 150 فلسطینیوں کے بدلے غزہ سے کم از کم 50 یرغمالیوں کو رہا کرنا تھا۔