ین چوان: چین کے شمال مغربی شہر ین چوان میں خوفناک حادثے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سرکاری میڈیا نے جمعرات کو بتایا کہ شمال مغربی چین کے شہر ین چوان میں واقع ایک ریستوران میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے۔ علاقائی کمیونسٹ پارٹی کمیٹی کا حوالہ دیتے ہوئے سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے اطلاع دی ہے کہ بدھ کی شام باربی کیو ریسٹورنٹ میں دھماکا پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کے اخراج کی وجہ سے ہوا۔ ایجنسی نے کہا کہ اس حادثے میں 31 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ جبکہ مزید سات افراد کو طبی امداد دی جا رہی ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
ژنہوا نے کہا کہ دو دیگر شدید جھلس گئے، دو کو معمولی چوٹیں آئیں اور دو کو دھماکے سے اڑتے ہوئے شیشے سے خراشیں آئیں۔ ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں ایک درجن سے زائد فائر فائٹرز کو جائے وقوعہ پر کام کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں ریسٹورنٹ کے سامنے ایک خالی سوراخ سے دھواں نکلتا ہوا نظر آرہا ہے۔ سڑک پر شیشے کے ٹکڑے اور دیگر ملبہ بکھرے پڑے تھے۔ بتا دیں کہ اس سڑک پر بہت سے دوسرے ریستوراں اور تفریحی مقامات ہیں۔ معلومات کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 40 منٹ پر دارالحکومت ڈاون ٹاون ین چوان کے رہائشی علاقے میں واقع فویانگ باربی کیو ریسٹورنٹ میں پیش آیا۔ یہ دھماکہ تین روزہ ڈریگن بوٹ فیسٹیول کی چھٹی کے موقع پر ہوا۔ ڈریگن بوٹ فیسٹیول چین میں منعقد ہونے والی ایک اہم تقریب ہے۔ اس موقع پر لوگ گھروں سے نکل کر دوستوں سے ملتے ہیں۔