اسلام آباد: پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون اور سیکورٹی چیف افتخار رسول گھمن کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ یہ اطلاع میڈیا رپورٹس میں دی گئی ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایجنسی کے اینٹی منی لانڈرنگ سیل (اے ایم ایل سی) نے لاہور میں قائم منی لانڈرنگ کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث اندرونی طور پر سرگرم ریکیٹ کا پردہ فاش کیا اور گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گھمن قیصر مشتاق اور عاصم حسین کے ساتھ مل کر جعلی بین الاقوامی منی لانڈرنگ نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پورا نیٹ ورک بے نقاب ہو چکا ہے اور ہنڈی اور حوالوں کے ذریعے منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کا ریکیٹ غیر قانونی طریقوں سے اربوں روپے مختلف ممالک میں منتقل کرنے میں ملوث ہے۔ یہ گروہ 40 سے زائد شیل کمپنیوں کو دوسرے ممالک میں رقوم کی منتقلی کے لیے استعمال کر رہا تھا۔