میڈان: ایلون مسک کی سوشل میڈیا سائٹ ایکس جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، اس کے ڈومین نام ایکس ڈاٹ کام 'X.Com' پر انڈونیشیا میں آن لائن پورنوگرافی اور جوئے کو فروغ دینے کے الزام میں بلاک کردیا گیا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کی وزارت مواصلات و اطلاعات نے کہا کہ ٹویٹر کی نئی سائٹ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ کیونکہ اس سائٹ کا ڈومین نام (X.Com) فحش مواد اور جوئے جیسے منفی مواد کے خلاف ملک کے سخت قوانین کی تعمیل نہیں کرتا ہے۔
وزارت برائے انفارمیشن اینڈ پبلک کمیونیکیشن کے ڈائریکٹر جنرل عثمان کانسونگ نے کہا کہ حکومت سائٹ کی نوعیت کو واضح کرنے کے لیے X.Com کے مالک کے ساتھ رابطے میں ہے۔ کانسونگ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ آج سے پہلے ہم نے ٹوئٹر کے نمائندوں سے بات کی۔ انہیں پہلے ایک خط بھیجنا ہوگا کہ ٹویٹر کی جانب سے ہی X.com کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد ہی اس پر سے عائد پابندی ہٹانے پر غور کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مطلب ہے کہ انڈونیشیا کے لوگ اس وقت نئے ڈومین نیم سے ٹوئٹر کا استعمال نہیں کرسکیں گے۔
انڈونیشیا میں ٹویٹر کے 24 ملین صارفین ہیں: معلومات کے مطابق انڈونیشیا کی 270 ملین آبادی میں تقریباً 24 ملین یعنی 2 کروڑ 40 لاکھ صارفین ٹوئٹر استعمال کرتے ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل ایلن مسک نے اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر پلیٹ فارم کی ری برانڈنگ کے حصے کے طور پر بلیو برڈ کے لوگو کو ایکس لوگو سے تبدیل کردیا گیا ہے۔ اور اس کے ڈومین نیم 'Twittet.com' کو بھی بدل کر ایکس ڈاٹ کام 'X.com' کر دیا گیا ہے۔