اسلام آباد:پاکستانی میڈیا کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رپورٹ کیا کہ پاکستان میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 396 تک پہنچ گئی ہے جب کہ زخمیوں کی کل تعداد 12 ہزار 700 سے زیادہ ہے۔ این ڈی ایم اے کی تازہ ترین صورتحال کی رپورٹ کے مطابق سیلاب سے جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہونے والے گھروں کی مجموعی تعداد 17 لاکھ سے زیادہ ہے جب کہ 6 ہزار 600 کلومیٹر سے زیادہ طویل سڑکوں اور 269 پلوں کو نقصان پہنچا۔floods in Pakistan
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال جو کہ نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) کے چیئرمین بھی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے لیے مشترکہ بریفنگ کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
این ایف آر سی سی کے کوآرڈینیٹر میجر جنرل ظفر اقبال نے اپنی بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کا کم از کم ایک تہائی حصہ ڈوب چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی اندازہ لگایا کہ مجموعی طور پر 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوگا۔این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ کل 81 اضلاع (بلوچستان میں 32، سندھ میں 23 اور کے پی میں 17) آفت زدہ کے زمرے میں ہیں۔