دہلی سے دوحہ کے لیے جانے والی بھارتی ایئر لائن کی انڈیگو پرواز 6E-1736، کو طبی ایمرجنسی کی وجہ سے پاکستان کے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ اس کے بعد ایئر لائن نے بتایا کہ بدقسمتی سے پرواز کی لینڈنگ کے بعد ہوائی اڈے کی میڈیکل ٹیم نے مسافر کو مردہ قرار دے دیا۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق بھارتی ایئر لائن کے کپتان نے میڈیکل ایمرجنسی کی اطلاع دی تھی جس کے بعد بھارتی طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی تھی۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے وزارت صحت کے ڈاکٹرز نے بیمار مسافر کی جانچ کی اور اسے مردہ قرار دے دیا۔ ڈاکٹر کے مطابق 60 سالہ مسافر عبداللّٰہ لینڈنگ سے قبل ہی انتقال کر چکا تھا۔ مسافر نائیجیریا کا شہری ہے۔ ایئر لائن انڈیگو نے ایک بیان میں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایئر لائن پرواز کے دیگر مسافروں کو منتقل کرنے کے انتظامات کر رہی ہے۔ ہمیں اس خبر سے بہت دکھ ہوا ہے اور ہماری دعائیں ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔ ہم فی الحال متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر فلائٹ کے دیگر مسافروں کی منتقلی کے انتظامات کر رہے ہیں۔