کابل: مغربی افغانستان کے ہرات اور پڑوسی صوبوں میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2,445 ہو گئی ہے۔ ہرات کے افسران نے اتوار کی رات یہ اطلاع دی۔ ہرات میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے صوبائی ڈائریکٹر مولوی موسیٰ اشعری نے کہا کہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہرات کا جانڈا جان ضلع ہے، جہاں 13 گاؤں مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان شاک نے کہا تھاکہ زلزلے میں 9200 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ چائنا ارتھ کوئیک نیٹ ورک سینٹر کے مطابق ہفتے کے روز افغانستان میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا اور اس کے بعد دو جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا پہلا جھٹکا مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 10 منٹ پر آیا۔
ہرات شہر کے رہنے والے عبدالشکور صمادی نے کہاکہ دوپہر کے قریب شہر میں زلزلے کے کم از کم پانچ شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ صمادی نے کہاکہ تمام لوگ گھروں سے فورا ہی باہر نکل گئے۔ گھر، دفاتر اور دکانیں سب خالی ہیں اور مزید زلزلوں کا خدشہ ہے، میں اور میرا خاندان گھر کے اندر تھے، میں نے زلزلہ محسوس کیا، گھر والے چیخنے لگے اور گھر کے باہر نکل گئے۔