پشاور (پاکستان): پشاور ہائی کورٹ نے کہا کہ افغانستان میں مقیم پاکستانی خاتون کا شوہر پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) کا حقدار ہے، جسے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی طرف سے جاری کیا جاتا ہے۔ڈان اخبار نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔Pakistan Court decision
ڈان اخبار کے مطابق جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عبدالشکور پر مشتمل بینچ نے پاکستانی خاتون ثمینہ روحی کی درخواست پر فیصلہ سنایا، جس میں انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ افغانستان میں مقیم ان کے شوہر ناصر محمد کو پاکستانی شہریت دینے کا حکومت کو حکم دے۔
عدالت نے کہا کہ درخواست گزار یا اس کا شوہر وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں پی او سی کے لیے نادرا سے رجوع کر سکتا ہے۔
خاتون نے سٹیزن شپ ایکٹ کی شق کو چیلنج کیا تھا، جس کے تحت پاکستانی مردوں کی غیر ملکی بیویوں کو پاکستانی شہریت دینے کا انتظام ہے لیکن پاکستانی خواتین کے غیر ملکی شوہروں کو نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ قانون پاکستانی خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کرتا ہے۔