بیجنگ: چین نے لاپتہ وزیر خارجہ کن گینگ کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ ان کے پیشرو وانگ یی کو وزیر خارجہ بنا دیا ہے۔ سرکاری میڈیا نے کن گینگ کی برطرفی کی کوئی وجہ نہیں بتائی لیکن یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب کن گینگ تقریباً ایک ماہ سے اپنے ذاتی معاملات اور سیاسی رقابتوں کی نظروں سے اوجھل تھے۔ وزارت نے منگل کو اپنی روزانہ کی بریفنگ میں وزیر خارجہ کن گینگ کی برطرفی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ کن گینگ کو آخری بار 25 جون کو روسی، سری لنکا اور ویتنامی حکام کے ساتھ ملاقات میں دیکھا گیا تھا۔ صدر شی جن پنگ کے سابق معاون 57 سالہ کن گینگ کو امریکہ میں دو سال سے کم سفیر کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد دسمبر میں وزیر خارجہ مقرر کیا گیا تھا۔ ان کے لاپتہ ہونے کی قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب کن گینگ فلپائن کے سابق صدر روڈریگو ڈوٹرٹے کے ساتھ صدر شی کی ملاقات سے ایک بار پھر غائب تھے۔