بیجنگ: چین نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ اس کی سرزمین پر پچھلے ایک سال میں 10 سے زیادہ مرتبہ بغیر اجازت کے اونچائی والے غبارے اڑائے گئے۔ تاہم امریکی حکومت نے چین کے اس الزام کی تردید کی ہے۔ چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے گزشتہ ایک سال میں 10 سے زائد مرتبہ ہماری فضائی حدود پر غبارے اڑائے ہیں۔ بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا نے 4 فروری کو اپنی فضائی حدود میں ایک مشتبہ جاسوس غبارے کو مار گرایا جس کے بعد چین نے کہا کہ یہ سویلین غبارہ تھا۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہو گئے ہیں۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں اس نے کئی دیگر نامعلوم اشیاء کو بھی مار گرایا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ کا غیر قانونی طور پر دوسرے ممالک کی فضائی حدود میں داخل ہونا عام بات ہے، انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں چینی حکام سے پوچھے بغیر امریکی غبارے 10 سے زیادہ مرتبہ غیر قانونی طور پر چین کے اوپر اڑائے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چین کو برا بھلا کہنے اور الزام لگانے کے بجائے امریکہ کو پہلے خود پر غور کرنا چاہیے اور تصادم کو ہوا دینے کے بجائے اپنا راستہ بدلنا چاہیے۔