واشنگٹن: امریکہ کے صدر جو بائڈن نے یوکرین میں روسی فوج کے جنگی جرائم سے متعلق جاری تحقیقی کاروائی کے ساتھ تعاون کے لئے موضوع سے متعلق شواہد کو بین الاقوامی عدالت میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ امریکہ سینٹ کی عدالتی کمیٹی کے سربراہ ڈِک ڈربن اور کمیٹی کے تجربہ کار رکن لنڈسی گراہم نے بائیڈن کی طرف سے شواہد کو بین الاقوامی عدالت میں بھیجنے کی منظوری دئیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
سینیٹرز نے جاری کردہ بیان میں بائیڈن کے فیصلے پر اظہار تشکر کیا اور کہا ہے کہ امریکہ یوکرین میں کئے گئے ان خوفناک جرائم پر خاموشی اختیار نہیں کرے گا۔ دوسری طرف وائٹ ہاوس سے نام کو پوشیدہ رکھتے ہوئے امریکہ قومی سلامتی کونسل کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہم نے روس کے جنگی جرائم کے شواہد جمع کرنے میں یوکرین اٹارنی دفتر کی مدد کے لئے بین الاقوامی اٹارنیوں پر مشتمل ایک ٹیم یوکرین روانہ کر دی ہے۔