ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستان میں خیبرپختونخوا کے چہکان علاقے میں ہفتہ کو موٹر سائیکل پر سوار ایک خودکش حملہ آور نے سیکورٹی فورس کے قافلے کو نشانہ بنایا جس میں کم از کم 22 سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’’اطلاعات کے مطابق مذکورہ دھماکہ ایک خودکش حملہ تھا جس میں موٹر سائیکل پر سوار ایک نامعلوم خودکش بمبار نے سیکورٹی فورسز کے قافلے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس خودکش دھماکے میں کم از کم 22 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔‘‘ فوج کے میڈیا ونگ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قافلہ جنوبی وزیرستان کے علاقے منجا جا رہا تھا کہ جس پر حملہ ہوا۔ خودکش حملے کے بعد علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ "زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے کمبائنڈ ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔" پولیس ذرائع کے مطابق قافلے پر وانا پٹرول پمپ کے قریب حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور پیچھے سے آیا اور قافلے میں شامل چوتھی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خودکش حملہ آور پٹرول پمپ پر سکیورٹی فورسز کے قافلے کا انتظار کر رہا تھا جو کہ پٹرول پمپ حملے کی جگہ سے تقریباً 400 میٹر دور تھا۔