واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن 28 فروری سے 3 مارچ تک قازقستان، ازبکستان اور بھارت کا دورہ کریں گے۔ اینٹونی بلنکن جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے یکم مارچ کو نئی دہلی پہنچیں گے۔ اپنے بھارت دورے کے دوران بلنکن دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کے حوالے سے مرکزی حکومت اور سول سوسائٹی کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ یکم مارچ کو دہلی میں ہونے والی جی 20 میٹنگ میں کثیرالجہتی کو مضبوط بنانے، خوراک اور توانائی کی سلامتی، پائیدار ترقی، انسداد منشیات، عالمی صحت، انسانی امداد اور آفات سے متعلق تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ بلنکن ہماری مضبوط شراکت داری کا اعادہ کرنے کے لیے بھارتی سرکاری حکام اور سول سوسائٹی سے ملاقات کریں گے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ بھارت کے دورے سے قبل بلنکن 28 فروری کو قازقستان کے آستانہ جائیں گے، جہاں وہ قازقستان کے سینئر حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ امریکہ اور قازقستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی وہ وسطی ایشیا کے پانچ ممالک کے نمائندوں کے ساتھ C5+1 وزارتی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔