پشاور: ایک اور سرحد پار محبت کی کہانی میں ایک چینی خاتون اپنے پاکستانی عاشق سے ملنے کے لیے صوبہ خیبرپختونخوا کا سفر کیا جس سے اس کی سوشل میڈیا پر پہلے دوستی ہوئی تھی اور بعد میں یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ چینی خاتون جس کا نام گاو فینگ بتایا جارہا ہے بدھ کو تین ماہ کے وزٹ ویزا پر چین سے بذریعہ سڑک گلگت کے راستے اسلام آباد پہنچی ہے۔
پولیس کے مطابق 21 سالہ لڑکی کو اس کے 18 سالہ دوست جاوید نے ریسیو کیا، جو افغانستان کی سرحد سے ملحقہ قبائلی ضلع باجوڑ کا رہائشی ہے۔ جاوید نے اپنی دوست کو ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر آبائی گاؤں لے جانے کے بجائے ضلع لوئر دیر کی تحصیل ثمر باغ میں اپنے ماموں کے گھر لے گیا۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ دونوں گزشتہ تین سال سے اسنیپ چیٹ کے ذریعے رابطے میں تھے اور پھر یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔ ضلع لوئر دیر کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضیاء الدین نے میڈیا کو بتایا کہ چینی خاتون کو ثمر باغ کے علاقے میں مکمل سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔ تاہم، محرم اور علاقے میں سیکورٹی خدشات کی وجہ سے انہیں آزادانہ نقل و حرکت فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ پولیس نے کہا کہ خاتون کے سفری دستاویزات درست ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس نے ابھی تک جاوید کے ساتھ 'نکاح' نہیں کیا ہے۔