اسلام آباد: مسلح افواج کے درمیان خون ریز جھڑپوں سے متاثرہ ملک سوڈان کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے انخلا کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ڈان کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ نے اعلان کیا کہ 500 پاکستانیوں کو بحفاظت سمندر کے راستے سعودی عرب لے جانے کے لیے سوڈان کی بندرگاہ پہنچا دیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کا یہ بیان اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے ایک اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک کے 91 افراد کو سوڈان سے نکال لیا گیا ہے۔
'اے پی پی' کے مطابق وزیراعظم آفس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی شہریوں کے انخلا کے ہنگامی منصوبے کی گزشتہ 72 گھنٹوں سے ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ان 500 پاکستانیوں کو پاکستان ایئر فورس اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی مدد سے خصوصی پروازوں کے ذریعے جدہ سے وطن واپس لایا جائے گا۔
ان پاکستانیوں کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر حکومت کی جانب سے عارضی رہائش اور کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، علاوہ ازیں سوڈانی دارالحکومت خرطوم میں پاکستانی سفارت خانے میں ہنگامی ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جاری لڑائی کے دوران سینکڑوں افراد مارے جا چکے ہیں، وہاں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے دفتر خارجہ کا 'کرائسز مینجمنٹ سیل' دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ 'سوڈان میں پاکستانی شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، پاکستانی سفارت خانہ سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں'