کراچی: پاکستان کے شورش زدہ صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے خوشت میں پیر کو نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے ایک کوئلے کی کان پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں کم از کم چار مزدور ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔ مقامی حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ شدت پسند گروپوں سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کی جانب سے ٹارگٹڈ حملہ معلوم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افراد نے صبح سویرے کان پر حملہ کیا اور وہاں کام کرنے والے مزدوروں پر گولیاں چلا دیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ زخمی مزدوروں کو ہرنائی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ مشتبہ افراد نے کوئلے کی 11 کانوں کو آگ بھی لگا دی۔ مقامی میڈیا کے مطابق فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
وہیں دوسری جانب پاکستانی پولیس نے شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے میں دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کی تصدیو کی ہے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گردوں کو ہلاک اور دو کو حراست میں لے لیا۔