سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے بازاروں اور عوامی مقامات پر نئی پابندیوں کونافذ کیا گیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے 29 رمضان المبارک کو جو قواعد و ضوابط جاری کیے گئے تھے ان میں مزید تین ضوابط کا اضافہ کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق نئی پابندیاں تجارتی اداروں، مالز اور تقریبات کے حوالے سے عائد کی گئی ہیں۔ وزارت کے ذرائع نے اس حوالے سے جن خلاف ورزیوں کا ذکر کیا ہے ان میں تجارتی اداروں اور مالز وغیرہ میں غیر ویکسین یافتہ افراد کو داخل ہونے کی اجازت دینا ہے۔ دوسری خلاف ورزی تجارتی مالز جن کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 100 افراد کی ہے وہاں گیدرنگ پرمٹ کو استعمال نہ کرتے ہوئے گنجائش سے زائد افراد کو اندر جانے کی اجازت دینا جبکہ تیسری خلاف ورزی کسی بھی تجارتی ادارے میں مقررہ حد سے زیادہ افراد کا بیک وقت موجود ہونا شامل ہے۔