روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی مودی سے ملاقات
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔
مسٹر لاوروف رائے سینا ہلس ڈائیلاگ میں حصہ لینے کے لئے ان دنوں ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ روسی وزیرخارجہ نے وزیراعظم کو روس کے صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے نیک خواہشات پیش کیں۔ وزیراعظم نے بھی نئے سال کے موقع پر روسی عوام کو امن اور خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات پیش کیں۔
مسٹر مودی نے گزشتہ 13 جنوری کو صدر پوتن کے ساتھ ان کی تفصیلی بات چیت اور گزشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اسٹریٹیجک شراکت داری میں پیش رفت کا ذکر کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر پوتن مئی میں وکٹری ڈے کے 75ویں تقریب میں حصہ لینے کے لئے وزیراعظم مودی کو روس کے دورے اور برکس اور ایس سی او چوٹی کانفرنس کےلئے جولائی میں ہونے والے ان کے دورے کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔
مسٹر مودی نے کہا کہ وہ بھی اس سال کے آخر میں سالانہ دوطرفہ چوٹی کانفرنس کےلئے صدر پوتن کی میزبان کےلئے بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ برس متعدد اہم فیصلے لئے گئے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ یہ سال دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کی 20ویں سالگرہ ہے اور اس میں ان فیصلوں پر عملی جامہ پہنایا جانا چاہئے۔
وزیر خارجہ لاوروف نے وزیراعظم کو اہم بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر روس کے رخ سے باخبر کرایا۔