اسرائیل اور حماس کے درمیان 11روزہ جنگ کے دوران ممکنہ جرائم کی ذمہ داری طے کرنے کے لئے تحقیقات کا مسلم ممالک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان ممالک نے مشرقی مقبوضہ بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور اسرائیل میں 13 اپریل سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے آزاد بین الاقوامی کمیشن تشکیل دینے کے لیے قرارداد کا مسودہ جمع کرا دیا۔قرارداد کے مسودے میں کہا گیا کہ کمیشن قومیت، نسلی یا مذہبی شناخت کی بنیاد پر منظم امتیاز اور جبر سمیت عدم استحکام اور کشیدگی کی تمام وجوہات کا جائزہ لے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے اسلامی تعاون کونسل (او آئی سی) کے طور پر کوآرڈینیٹر اور ریاست فلسطین کی درخواست پر حالیہ کشیدگی پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا خصوصی اجلاس جمعرات کو منعقد ہوگا۔
آزاد ٹیم کشیدگی کے دوران فرانزک مواد سمیت جرائم کے ثبوت اکٹھے کرے گی اور ان کا جائزہ لے گی تاکہ قانونی کارروائی میں اس کو تسلیم کرنے کے امکان کو زیادہ سے زیادہ کیا جاسکے۔