شام کے دارالحکومت دمشق میں بدھ کی صبح رش کے اوقات میں فوجیوں کو لے جانے والی ایک بس کے قریب سڑک کے کنارے دو بم دھماکے ہوئے، جس میں 14 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔
شام کے سرکاری ٹی وی نے وسطی دمشق میں جلتی ہوئی بس کی فوٹیج دکھائی، جس میں کہا گیا ہے کہ دھماکے اس وقت ہوئے جب لوگ اپنے کام پر اور اسکول جا رہے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیسرا بم اسی علاقے میں دریافت کر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
کسی تنظیم نے اب تک اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
یہ دھماکہ ایک پل کے نیچے ایک مرکزی بس ٹرانسفر پوائنٹ پر ہوا ہے، جہاں سے گاڑیاں جمع ہو کر دارالحکومت کے مختلف علاقوں کی جانب روانہ ہوتی ہیں۔