اسرائیل مقبوضہ یروشلم میں فلسطینی باشندوں پر اسرائیلی پولیس کے ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے۔
اس درمیان گزشتہ روز اسرئیلی پولیس نے فلسطینی مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے داغے اور ربڑ کی گولیاں فائر کیں، جس سے کئی فلسطینی مظاہرین زخمی ہو گئے ہیں جس میں ایک کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
خفیہ اسرائیلی پولیس کے ایک گروپ نے مظاہرین میں سے ایک کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس دوران مظاہرین کے گروپ نے ایک کار پر پتھراؤ کیا جسے یہودی بازآبادکار ڈرائیو کر رہا تھا۔
ہلال احمر کی ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ ایک فلسطینی کو سینے میں ربڑ کی گولی لگنے کے بعد اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ دیگر تین افراد کو آنسو گیس سے سانس لینے میں پریشانی کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اس سے قبل منگل کے روز اسرائیلی فورسز پرانے شہر کے باہر سلوان کے قریب ایک فلسطینی باشندے کے قصاب کی دکان کی انہدام کاروائی کی نگرانی کے لئے تعینات تھی، جسے اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ بغیر کسی اجازت کے تعمیر کیا گیا تھا۔ حالانکہ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ انہیں اس طرح کی تعمیر کے لئے اجازت نامہ فراہم ہی نہیں کیا جاتا ہے۔