برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی شکل اومیکرون Omicron In UK کے کیسز میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، برطانیہ میں ایک دن میں اومیکرون کے ریکارڈ 12,133 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ ایک دن میں رپورٹ ہونے والا اومیکرون کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اس کے ساتھ اب تک برطانیہ میں اومیکرون کے کل 37,101 کیسز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ یہ معلومات یو کے ہیلتھ پروٹیکشن ایجنسی نے شیئر کی ہے۔
اتوار کو جاری ہونے والے سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ژنہوا خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس Corona in UK کے 82,886 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 11,361,387 ہوگئی ہے۔
برطانیہ میں ہفتے کے روز کورونا کے 90,418 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی تھی، جو جمعہ کو رپورٹ ہونے والے کیسز سے کم ہے۔جمعہ کو برطانیہ میں کورونا کے 93,045 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی۔
پچھلے 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والے کل کیسز میں سے 12,133 کیسز اومیکرون کے ہیں۔ جبکہ اس دوران کورونا وائرس سے 45 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اموات کی کل تعداد 1,47,218 ہو گئی ہے، ساتھ ہی کورونا سے متاثرہ 7,611 افراد اب بھی ہسپتالوں میں داخل ہیں۔