افغانستان میں حکومت سازی کے معاملے پر طالبان کے دو سینیئر رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
طالبان ذرائع نے برطانوی نشریاتی ادارے کی پشتو سروس کو بتایا کہ طالبان کے شریک بانی اور عبوری نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر اور کابینہ کے ایک رکن کے درمیان صدارتی محل میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں ملا برادر کے منظر عام سے غائب ہوجانے کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کہ تنظیم میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، تاہم ان کی طالبان کی جانب سے تردی کردی گئی تھی۔
اب ایک طالبان ذرائع نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ نائب وزیر اعظم ملا برادر اور وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی، جو حقانی نیٹ ورک کے سرکردہ رہنما بھی ہیں، کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جب کہ صدارتی محل میں موجود دونوں رہنماؤں کے پیروکاروں نے بھی ایک دوسرے سے تکرار کی۔
قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے رکن اور جھگڑے میں ملوث رہنماؤں میں سے ایک کے قریبی شخص نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ جھگڑا گذشتہ ہفتے ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بحث طالبان کی نئی حکومت کے ڈھانچے سے متعلق شروع ہوئی کیوں کہ ملا برادر عبوری حکومت کے اسٹرکچر سے خوش نہیں تھے۔
کہا جارہا ہے کہ یہ جھگڑا افغانستان میں طالبان کی فتح کے کریڈٹ کے معاملے پر پائی جانے والی تقسیم کی ہی ایک کڑی ہے۔
مبینہ طور پر ملا برادر سمجھتے ہیں کہ طالبان کی فتح کا سہرا ان جیسے رہنماؤں کی سفارتکاری کے سر باندھنا چاہیے جبکہ حقانی گروپ کے سینیئر ارکان کی رائے ہے کہ افغانستان میں طالبان کی فتح لڑائی کے ذریعے حاصل کی گئی۔
خیال رہے کہ ملا برادر پہلے طالبان رہنما ہیں، جنہو ں نے سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے براہ راست بات کی تھی۔ ٹیلی فون پر ٹرمپ سے ان کی گفتگو 2020 میں ہوئی تھی اور اس سے قبل انہوں نے افغانستان سے امریکی انخلا کے معاہدے پر بھی طالبان کی جانب سے دستخط کیے تھے۔