سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راج پکشے نے سری لنکن پارلیمنٹ میں ملک کے مسلمانوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں کورونا سے ہلاک ہونے والے مسلمانوں کی لاشیں دفنانے کی اجازت دی جائے گی۔
خیال رہے کہ سری لنکا میں کورونا سے ہلاک ہونے والے مسلمانوں کو دفنانے کی اجازت نہیں تھی۔ وہاں ہندو برادری کی طرح مسلمانوں کی لاشیں بھی جلائی جا رہی تھیں جس پر بین الاقوامی سطح پر سری لنکا کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔
گذشتہ برس بھی ایک بڑی تعداد میں مسلمانوں کی میتوں کو سرکاری سطح پر جلائے جانے پر مقامی مسلمانوں نے احتجاج کیا تھا۔
سری لنکن مسلمانوں کا کہنا تھا کہ حکام کورونا وائرس کی وبا میں انہیں اپنے مردوں کو دفنانے کی بجائے غیر اسلامی طریقے سے جلانے پر مجبور کر کے ان کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہے ہیں۔